اگست 1, 2026

کیلیفورنیا میں امریکی ایف-35 بی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ

0
کیلیفورنیا میں امریکی ایف-35 بی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ

کیلیفورنیا میں امریکی ایف-35 بی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں امریکی میرین کور کا ایک ایف-35 بی لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، تاہم پائلٹ محفوظ رہا۔

امریکی میرین ائیرکرافٹ گروپ 11 کے مطابق ایک نشست والا ایف-35 بی طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے میرین کور ائیر اسٹیشن کے رن وے تک پہنچنے سے قبل حادثے کا شکار ہوا۔

حکام کے مطابق ہنگامی صورتحال کے دوران پائلٹ نے بروقت پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے چھلانگ لگا دی، جس کے باعث اس کی جان بچ گئی۔ پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں اور احتیاطی طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر اور تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے فوراً بعد امدادی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ طیارے کے ملبے میں لگنے والی آگ اور اطراف کی خشک گھاس میں بھڑکنے والی آگ پر جلد قابو پا لیا گیا، جبکہ واقعے میں کسی اور جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

امریکی فوج نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

واضح رہے کہ ایف-35 بی لائٹننگ II دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ مختصر رن وے سے اڑان بھرنے اور عمودی انداز میں لینڈنگ (STOVL) کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر مالیت کا یہ طیارہ امریکی میرین کور کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی کی مسلح افواج بھی استعمال کرتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے