کامن ویلتھ گیمز: فاطمہ زہرا نے تاریخ رقم کر دی، باکسنگ میں تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں
کامن ویلتھ گیمز: فاطمہ زہرا نے تاریخ رقم کر دی، باکسنگ میں تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کی 22 سالہ باکسر فاطمہ زہرا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باکسنگ میں تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز کی باکسنگ میں 12 سال بعد دوبارہ تمغہ اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل 2014 کے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں محمد وسیم نے سلور میڈل جیتا تھا۔
فاطمہ زہرا نے خواتین کے 60 کلوگرام ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کی جورڈن ولسن کو متفقہ فیصلے (5-0) سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ایونٹ کے فارمیٹ کے مطابق سیمی فائنل تک رسائی کے ساتھ ہی ان کا کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی ہو گیا تھا۔
سیمی فائنل میں فاطمہ زہرا کو کینیڈا کی میری باتھول الاحمدیہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ یہ کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کا پہلا تمغہ بھی ہے۔
کامیابی کے بعد فاطمہ زہرا نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی باکسنگ مسلسل ترقی کر رہی ہے اور ان کا تمغہ اس پیش رفت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کی خواہش گولڈ میڈل جیتنے کی تھی، تاہم کانسی کا یہ تمغہ بھی پاکستان باکسنگ کے لیے انتہائی اہم ہے اور وہ مستقبل میں مزید بڑی کامیابیوں کے لیے محنت جاری رکھیں گی۔
دوسری جانب مردوں کے 60 کلوگرام مقابلوں میں پاکستان کے قدرت اللہ کو شمالی آئرلینڈ کے جوڈ گالاگھر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پاکستان کے تمام مرد باکسرز ایونٹ سے باہر ہو گئے۔
