امریکا میں آئس برگ لیٹیوس میں خطرناک جرثومہ دریافت، صحت حکام کا الرٹ جاری
امریکا میں آئس برگ لیٹیوس میں خطرناک جرثومہ دریافت، صحت حکام کا الرٹ جاری
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکا میں بند گوبھی کے پتوں (آئس برگ لیٹیوس) میں خطرناک سائیکلوسپورا جرثومہ پائے جانے کے بعد صحت حکام نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) اور سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) نے درآمد شدہ آئس برگ لیٹیوس سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں موجود سائیکلوسپورا طفیلیہ سائیکلوسپوریاسس نامی معدے کی بیماری کا سبب بن سکتا ہے، جو آلودہ خوراک یا پانی کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف ڈی اے کی تحقیقات کے دوران ٹیلر فارمز کی فراہم کردہ کٹی ہوئی آئس برگ لیٹیوس کے ایک نمونے میں یہ جرثومہ دریافت ہوا۔ حکام کے مطابق امریکا میں اس انفیکشن سے اب تک ہزاروں افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
صحت حکام نے بتایا کہ آئس برگ لیٹیوس برگر، سینڈوچ اور سلاد میں عام طور پر استعمال کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے اس کے ذریعے انفیکشن پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہے۔
ایف ڈی اے کے مطابق متاثرہ نمونہ خصوصی نگرانی کے دوران حاصل کیا گیا تھا، جبکہ جس بیچ میں جرثومہ پایا گیا اسے فوری طور پر روک دیا گیا تاکہ اس کی مزید سپلائی مارکیٹ تک نہ پہنچ سکے۔
حکام کے مطابق متاثرہ آئس برگ لیٹیوس موجودہ ریکال (واپسی) کا حصہ نہیں، تاہم ٹیلر فارمز اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس بیچ سے تیار کی گئی کوئی مصنوعات اب بھی مارکیٹ یا صارفین کے گھروں میں موجود ہیں یا نہیں۔
کمپنی اس سے قبل ممکنہ آلودگی کے خدشے کے پیش نظر اپنی متعدد لیٹیوس مصنوعات رضاکارانہ طور پر واپس منگوانے کا اعلان کر چکی ہے، تاہم تازہ پیش رفت پر کمپنی کی جانب سے ابھی تک کوئی نیا باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) کے مطابق سائیکلوسپوریاسس کے حالیہ کیسز کا تعلق ان کٹی ہوئی آئس برگ لیٹیوس سے جوڑا گیا ہے جو مختلف امریکی ریاستوں کے ریستورانوں میں استعمال کی گئی تھیں۔
ایف ڈی اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان کے پاس مشتبہ آئس برگ لیٹیوس موجود ہو تو اسے ہرگز استعمال نہ کریں اور متعلقہ اداروں کی جاری کردہ احتیاطی ہدایات پر عمل کریں، جبکہ معاملے کی تحقیقات بدستور جاری ہیں۔
