نیٹ احتجاج: سلمان خان کی طلبہ اور سونم وانگچک سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل
نیٹ احتجاج: سلمان خان کی طلبہ اور سونم وانگچک سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے نیٹ امتحان میں مبینہ پرچہ لیک کے خلاف جاری طلبہ احتجاج کے تناظر میں اہم پیغام جاری کرتے ہوئے طلبہ اور سماجی کارکن سونم وانگچک سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔
انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں سلمان خان نے کہا کہ طلبہ کی تعلیم اور سیکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اس لیے وہ مزید پریشان ہونے کے بجائے اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں اور اپنے والدین کو بھی تشویش میں مبتلا نہ کریں۔
اداکار نے کہا کہ وزیرِ اعظم اس معاملے پر پہلے ہی ردعمل دے چکے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پرچہ لیک میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، لہٰذا طلبہ احتجاج ختم کر دیں۔
سلمان خان نے گزشتہ 25 روز سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے تعلیمی کارکن سونم وانگچک سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا، ’’اب بہت ہو گیا، بھائی۔ براہِ کرم اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دیں۔ اگر مستقبل میں ضرورت پڑی تو احتجاج کیا جا سکتا ہے، لیکن اس وقت اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ اگر چاہیں تو میں اپنے گھر سے آپ کے لیے کھانا بھی بھجوا دوں گا۔‘‘
واضح رہے کہ نیٹ امتحان میں مبینہ پرچہ لیک کے بعد بھارت بھر میں طلبہ احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین امتحانی نظام میں شفافیت، ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی اور مؤثر احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
