امریکا کا ایران پر فضائی حملوں کا نیا مرحلہ مکمل، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
امریکا کا ایران پر فضائی حملوں کا نیا مرحلہ مکمل، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف تازہ فضائی حملوں کا ایک اور مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق کارروائیوں کا مقصد ایران کی ان صلاحیتوں کو کمزور کرنا تھا جن کے ذریعے وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج نے اس مرحلے میں ایران کے فوجی کمانڈ سینٹرز، بحری تنصیبات، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس سمیت فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔ بیان کے مطابق مئی کے آغاز سے اب تک امریکی افواج نے تقریباً 900 تجارتی جہازوں اور 450 ملین بیرل خام تیل کی محفوظ نقل و حمل میں معاونت فراہم کی ہے۔
سینٹکام نے مزید کہا کہ امریکی افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور آبنائے ہرمز سے آزادانہ اور محفوظ گزرنے والے شہری بحری جہازوں کے خلاف کسی بھی بلاجواز ایرانی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
