آبنائے ہرمز کے متبادل کے لیے یو اے ای کا بڑا فیصلہ، فجیرہ میں نئی بندرگاہ بنانے کا منصوبہ
آبنائے ہرمز کے متبادل کے لیے یو اے ای کا بڑا فیصلہ، فجیرہ میں نئی بندرگاہ بنانے کا منصوبہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز پر انحصار کم کرنے کے لیے مشرقی ساحل پر واقع ریاست فجیرہ میں نئی کثیرالمقاصد بندرگاہ تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی پورٹس کا انتظام سنبھالنے والی اماراتی کمپنی ڈی پی ورلڈ نئی بندرگاہ کے ذریعے جبل علی پورٹ پر انحصار کم کرنا اور آبنائے ہرمز کے متبادل تجارتی راستے کی فراہمی چاہتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس منصوبے سے کنٹینرز آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر متحدہ عرب امارات میں داخل اور باہر بھیجے جا سکیں گے، جس سے ایران کے ساتھ علاقائی کشیدگی کے باعث تجارتی سرگرمیوں پر پڑنے والے اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز بند ہونے کے بعد جبل علی پورٹ کی سرگرمیوں میں 90 سے 95 فیصد تک کمی آئی، جس کے باعث متبادل بندرگاہ کی ضرورت مزید بڑھ گئی۔
ڈی پی ورلڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق اگر تمام انتظامی اور تکنیکی مراحل بروقت مکمل ہوئے تو نئی بندرگاہ تقریباً ڈیڑھ سال میں فعال ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ صرف ہنگامی متبادل راستہ نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات کی طویل المدتی معاشی اور تجارتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد سپلائی چین کو زیادہ محفوظ، لچکدار اور جغرافیائی و سیاسی خطرات سے کم متاثر بنانا ہے۔
