فیفا ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل آج، فرانس اور اسپین آمنے سامنے
فیفا ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل آج، فرانس اور اسپین آمنے سامنے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ڈیلاس: فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل آج (منگل) فرانس اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا، جہاں دونوں سابق عالمی چیمپئن ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہیں، تاہم ماہرین فرانس کو معمولی فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔ فرانسیسی کپتان کلیان ایمباپے کی موجودگی کو میچ کا اہم ترین عنصر قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اسپینی دفاع کے لیے انہیں روکنا بڑا چیلنج ہوگا۔
فرانس نے گروپ مرحلے میں سینیگال، عراق اور ناروے کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ناک آؤٹ مرحلے میں سویڈن، پیراگوئے اور مراکش کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
دوسری جانب اسپین نے گروپ مرحلے میں کیپ وردے کے خلاف ڈرا کھیلنے کے بعد سعودی عرب اور یوروگوئے کو شکست دی۔ بعد ازاں آسٹریا، پرتگال اور بیلجیئم کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اسپین نے اب تک ٹورنامنٹ میں صرف ایک گول کھایا جبکہ 11 گول اسکور کیے ہیں۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں فرانس اور اسپین کا صرف ایک بار آمنا سامنا ہوا تھا۔ 27 جون 2006 کو جرمنی میں کھیلے گئے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں فرانس نے اسپین کو 1-3 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ اب دونوں ٹیمیں ایک بار پھر عالمی کپ کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں فاتح ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرے گی۔
