پیٹرول 74 روپے 28 پیسے اور ڈیزل 67 روپے 31 پیسے سستا، نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری
پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں بڑا ریلیف ملے گا۔
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں بڑا ریلیف ملے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے 28 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے 31 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے اور عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔ انہوں نے مشکل معاشی حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود حکومت نے اپنے وسائل بروئے کار لا کر عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی اور مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے۔
حکومت کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ کمی عوامی ریلیف اور معاشی دباؤ میں کمی لانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس سے ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں بھی مثبت اثرات متوقع ہیں۔
