مومنہ اقبال کی رخصتی ابھی باقی، بہن نے شادی اور مقدمے سے متعلق اہم حقائق بیان کر دیے
مومنہ اقبال کی رخصتی ابھی باقی، بہن نے شادی اور مقدمے سے متعلق اہم حقائق بیان کر دیے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی حالیہ شادی اور رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف قانونی کارروائی کے معاملے پر ان کی بہن اور قانونی نمائندہ رمشا اقبال نے اہم وضاحتیں پیش کی ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں رمشا اقبال نے بتایا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج ہونا خاندان کے لیے اطمینان کا باعث ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت اس لیے ممکن ہوئی کیونکہ متاثرہ فریق کے پاس تمام واقعات کے بروقت اور مستند شواہد موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ثاقب چدھڑ کے پاس مومنہ اقبال کی کوئی نجی ویڈیو موجود نہیں ہے۔ ان کے بقول وہ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے جعلی ویڈیوز تیار کرنے اور انہیں سوشل میڈیا پر پھیلانے کی دھمکیاں دے رہا تھا، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
شادی کی تقریبات کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے رمشا اقبال نے کہا کہ اب تک منعقد ہونے والی تمام تقریبات صرف نکاح کی خوشی منانے کے لیے تھیں۔ ان کے مطابق مومنہ اقبال کی باقاعدہ رخصتی نومبر یا دسمبر میں متوقع ہے۔
رمشا اقبال کا کہنا تھا کہ جاری قانونی مقدمے کے باعث مومنہ اقبال ذہنی دباؤ کا شکار تھیں، اسی وجہ سے خاندان نے خوشی کے مواقع منعقد کرکے ان کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نکاح ہو چکا ہے، تاہم رخصتی اور دیگر شادی کی رسمی تقریبات بعد میں انجام دی جائیں گی۔
