وٹامن بی-2 کینسر کے خلیات کو زندہ رکھنے میں مددگار ہو سکتا ہے، نئی تحقیق
وٹامن بی-2 کینسر کے خلیات کو زندہ رکھنے میں مددگار ہو سکتا ہے، نئی تحقیق
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وٹامن بی-2 یا رائبوفلیوین کینسر کے خلیات کو تباہ ہونے سے بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق وٹامن بی-2 ایک لازمی غذائی جز ہے جو جسم میں کاربوہائیڈریٹس، چکنائی اور پروٹین کو توانائی میں تبدیل کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ وٹامن جلد، خون کے خلیات اور جسم کی اندرونی جھلیوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے بھی ضروری سمجھا جاتا ہے۔
تاہم نئی تحقیق میں یہ حیران کن بات سامنے آئی ہے کہ یہی وٹامن کینسر کے خلیات کے لیے حفاظتی ڈھال کا کردار بھی ادا کرسکتا ہے۔
محققین کے مطابق وٹامن بی-2 خلیاتی سطح پر ایک ایسا نظام فعال کرتا ہے جو کینسر کے ٹیومرز کو ’فیروپٹوسس‘ نامی عمل سے بچاتا ہے۔ فیروپٹوسس خلیات کی موت کا ایک قدرتی اور پروگرامڈ طریقہ ہے، جو عام طور پر کینسر کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وٹامن بی-2 کینسر کے خلیات کو اس خودکار موت کے عمل سے محفوظ رکھ کر ان کی بقا میں کردار ادا کر سکتا ہے، جسے ماہرین نے تشویشناک قرار دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے مستقبل میں کینسر کے علاج سے متعلق نئی تحقیق اور ادویات کی تیاری میں مدد مل سکتی ہے۔
