اکتوبر 24, 2026

عالمی معاشی بے یقینی اور توانائی مہنگی ہونے سے پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ، وزیر خزانہ

0
عالمی معاشی بے یقینی اور توانائی مہنگی ہونے سے پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ، وزیر خزانہ

عالمی معاشی بے یقینی اور توانائی مہنگی ہونے سے پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے خبردار کیا ہے کہ عالمی معاشی بے یقینی اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں مہنگائی کا دباؤ بڑھ سکتا ہے، جبکہ بین الاقوامی تنازعات کے اثرات بھی عالمی منڈی میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑنے کا خدشہ ہے۔

لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) میں پاکستان کے طویل المدتی معاشی اصلاحاتی ایجنڈے سے متعلق سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود ملک کی معاشی ترقی کا سفر جاری ہے اور حکومت معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق، حکومت موسم سرما میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے، جبکہ خام تیل سمیت توانائی کی دیگر ضروریات کی فراہمی کی صورتحال تسلی بخش ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا موجودہ پروگرام آئندہ سال اکتوبر میں اختتام پذیر ہو جائے گا۔ حکومت محصولات میں اضافے اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے ٹیکس نیٹ بڑھانے پر بھی کام کر رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے، جبکہ امریکی اور مشرقی یورپی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے بانڈز میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں اور معاشی حالات میں اتار چڑھاؤ پاکستان کے لیے اہم چیلنج ہے، ایسے میں مہنگائی پر قابو پانا، توانائی کی ضروریات پوری کرنا اور معاشی اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھنا حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے