اکتوبر 19, 2026

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 4 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید

0
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 4 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 4 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے قلات کے علاقے جٹک آباد اور گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران سیکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 34 سالہ میجر وجاہت وحید کا تعلق لاہور سے تھا۔ انہوں نے وطن کے دفاع اور فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کردی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رہیں گے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران 4 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے میں میجر وجاہت وحید کی شہادت پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم کو اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے۔

انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے