اقتصادی جائزہ مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف وفد پاکستان پہنچ گیا
اقتصادی جائزہ مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف وفد پاکستان پہنچ گیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اسلام آباد: اقتصادی جائزہ مذاکرات کے لیے آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف مشن آج سے اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرے گا، جس کے پہلے مرحلے میں تکنیکی مذاکرات ہوں گے۔
تکنیکی مذاکرات میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے، بنیادی شرح سود اور ایکسچینج ریٹ سمیت مختلف معاشی امور پر بات چیت ہوگی۔ اسٹیٹ بینک حکام آئی ایم ایف وفد کو ملکی معاشی کارکردگی پر بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب ڈالر سے زائد رکھنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔ آئی ایم ایف وفد کو براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے، یورو بانڈ کے کامیاب اجرا اور بیرونی ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک سے مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف مشن 25 ستمبر کو اسلام آباد روانہ ہوگا، جہاں وزارت خزانہ، نجکاری، توانائی اور ایف بی آر حکام سے مذاکرات کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق قرض پروگرام کی پانچویں قسط کے لیے مذاکرات تقریباً دو ہفتے جاری رہیں گے۔ مذاکرات میں جون تک کی معاشی سرگرمیوں، اسٹرکچرل بینچ مارکس، معاشی اصلاحات اور توانائی کے شعبے سے متعلق اہداف کا جائزہ لیا جائے گا۔
بجلی اور گیس کے شعبوں کے سرکلر ڈیٹ سے متعلق اہداف بھی مذاکرات کا حصہ ہوں گے۔ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستان کو مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر تک ملنے کا امکان ہے، جس میں ای ایف ایف کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے 20 کروڑ ڈالر شامل ہیں۔
