پاکستان کا باب المندب میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی شدید مذمت، فوری روکنے کا مطالبہ
پاکستان کا باب المندب میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی شدید مذمت، فوری روکنے کا مطالبہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان نے باب المندب میں حوثی ملیشیا کی جانب سے تجارتی جہازوں اور ان کے عملے پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر عاصم افتخار نے آزادانہ بحری آمد و رفت اور تجارتی جہازوں کی سلامتی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات سمندری سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
عاصم افتخار نے سعودی عرب کی خودمختاری، سالمیت اور خوش حالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے اور معمول کی بحری آمد و رفت بحال کرنے پر زور دیا۔
پاکستانی سفیر نے خبردار کیا کہ سمندری بحران عالمی امن، توانائی اور غذائی سلامتی کو متاثر کر سکتا ہے، اس لیے مسائل کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔
