ٹرمپ کا ایران کے خلاف نئی معاشی جنگ کا اعلان، تعاون کرنے والے ممالک کو بھی سخت نتائج کی دھمکی
ٹرمپ کا ایران کے خلاف نئی معاشی جنگ کا اعلان، تعاون کرنے والے ممالک کو بھی سخت نتائج کی دھمکی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر معاشی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ ایران سے تیل کی اسمگلنگ سمیت ہر قسم کے معاشی تعلقات ختم کیے جائیں، بصورت دیگر سنگین اقتصادی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ اس کے اتحادی بھی اس معاملے میں اس کے ساتھ کھڑے ہوں۔ ان کے بقول یہ غیر معمولی پیمانے پر معاشی جنگ اور ایران کو تنہا کرنے کی کارروائی ہوگی۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران کے خلاف اب تک کی سب سے زیادہ تباہ کن معاشی کارروائی کا اعلان کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ملک اپنے مالیاتی یا کاروباری اداروں کو ایران کے لیے کسی بھی قسم کی ’لائف لائن‘ فراہم کرنے کی اجازت دے گا، اسے بھی شدید معاشی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایران کی معاشی مدد کرنے والے ممالک کے خلاف امریکا کی جانب سے کون سے مخصوص اقدامات کیے جائیں گے، نہ ہی انہوں نے کسی ملک کا نام لیا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال اور موجودہ معاملات کا سیاسی و سفارتی حل تلاش کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
