اگست 18, 2026

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، راولپنڈی میں واسا ہائی الرٹ

0
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، راولپنڈی میں واسا ہائی الرٹ

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، راولپنڈی میں واسا ہائی الرٹ

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد، راولاکوٹ، گڑھی دوپٹہ، گلگت، اسکردو اور استور میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بابوسر، چلاس، گوپس اور بونجی میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں پشاور، چترال، دیر، مالم جبہ، سیدوشریف اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے۔ پنجاب میں اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور، اٹک، چکوال اور جہلم کے علاوہ سرگودھا، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات عرفان ورک نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ مون سون کا موجودہ اسپیل مزید کچھ دن برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق موجودہ اسپیل کے اختتام کے بعد مختصر وقفہ آئے گا، جس کے بعد دوبارہ بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث واسا کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ واسا کے مطابق شمس آباد میں سب سے زیادہ 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 10.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 8.5 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے اور نکاسی آب کا آپریشن جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے