مصر مکہ معاہدے میں شامل ہوسکتا ہے، دفاعی تعاون مزید وسعت پائے گا: اردوان
مصر مکہ معاہدے میں شامل ہوسکتا ہے، دفاعی تعاون مزید وسعت پائے گا: اردوان
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مصر مستقبل میں مکہ معاہدے میں شامل ہوسکتا ہے اور یہ معاہدہ مزید ممالک کی شمولیت کے لیے کھلا ہے۔
عرب میڈیا سے گفتگو میں اردوان نے کہا کہ مکہ معاہدے کا مقصد رکن ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط بنانا اور کسی رکن پر بیرونی حملے کی صورت میں مشترکہ ردعمل دینا ہے۔ ان کے مطابق رکن ممالک ایک دوسرے کے دفاع کے لیے اجتماعی اقدامات کے پابند ہوں گے۔
ترک صدر نے یورپی یونین سے متعلق کہا کہ ترکیہ کی ترجیح یورپی یونین نہیں، جبکہ یورپ اس وقت ناکامی کا سامنا کر رہا ہے۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اردوان نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اہم سمندری راستے کی طویل بندش کسی کے مفاد میں نہیں۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل اور تجارت کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے اس کی بندش عالمی معیشت کو متاثر کرسکتی ہے۔
مصر کی ممکنہ شمولیت سے مکہ معاہدے کے دائرہ کار اور دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید سفارتی اور حکومتی مراحل مکمل ہونا باقی ہیں۔
