18 سالہ آسٹریلوی گالفر جیسیکا بینگ دماغی ہیمرج کے بعد انتقال کرگئیں
18 سالہ آسٹریلوی گالفر جیسیکا بینگ دماغی ہیمرج کے بعد انتقال کرگئیں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)نوجوان آسٹریلوی گالفر جیسیکا بینگ دماغی ہیمرج کے باعث 18 سال کی عمر میں تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں انتقال کرگئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسیکا بینگ یکم اگست کو ایک ٹورنامنٹ کی تیاری کے دوران اچانک گر پڑیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر بنکاک کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے ان کے دماغ کی ہنگامی سرجری کی اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں لائف سپورٹ پر رکھا گیا، تاہم وہ صحت یاب نہ ہوسکیں۔ جیسیکا نے 13 اگست کو اسپتال میں دم توڑ دیا۔
جیسیکا بینگ کو آسٹریلیا کی ابھرتی ہوئی گالف اسٹار قرار دیا جارہا تھا۔ انہوں نے رواں سال اپنے کیریئر کے صرف پانچویں پروفیشنل مقابلے میں پہلی بڑی کامیابی حاصل کی تھی اور جنوبی کوریا کے پروفیشنل گالف ٹور کے انٹرنیشنل کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے تھائی لینڈ گئی تھیں۔
ان کے اچانک انتقال پر آسٹریلوی گالف برادری اور ویمنز پروفیشنل گالف ایسوسی ایشن آف آسٹریلیا نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
