فلوریڈا میں جان لیوا بیکٹیریا سے ایک اور ہلاکت، رواں سال اموات 2 ہوگئیں
فلوریڈا میں جان لیوا بیکٹیریا سے ایک اور ہلاکت، رواں سال اموات 2 ہوگئیں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکی ریاست فلوریڈا میں جان لیوا بیکٹیریا وائبریو وُلنیفیکس (Vibrio vulnificus) کے باعث ایک اور شخص ہلاک ہوگیا، جس کے بعد رواں سال اس انفیکشن سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 14 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
وائبریو وُلنیفیکس عموماً گرم سمندری یا کھارے پانی میں پایا جاتا ہے۔ انسان اس وقت متاثر ہوسکتا ہے جب کھلا زخم آلودہ پانی کے رابطے میں آئے۔ کچی یا نیم پکی سمندری خوراک، خصوصاً اوئسٹر کھانے سے بھی یہ انفیکشن لاحق ہوسکتا ہے۔
یہ انفیکشن بعض افراد میں تیزی سے سنگین شکل اختیار کرسکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں جلد پر چھالے اور زخم بننے کے ساتھ ٹشوز کو شدید نقصان، خون میں انفیکشن اور سیپٹک شاک پیدا ہوسکتا ہے۔ شدید کیسز میں متاثرہ عضو کاٹنے کی نوبت بھی آسکتی ہے۔
فلوریڈا محکمۂ صحت کے مطابق بعض مریض انفیکشن کا شکار ہونے کے صرف ایک یا دو دن بعد جان کی بازی ہار سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق گرم سمندری پانی میں کھلے زخم کے ذریعے ممکنہ ایکسپوژر کے بعد اگر زخم میں لالی، سوجن، شدید درد، جلد کی رنگت میں تبدیلی یا بخار جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔
ماہرین شہریوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ کھلے زخم کے ساتھ گرم سمندری یا کھارے پانی میں جانے سے گریز کریں اور کچی یا نیم پکی سمندری خوراک کے استعمال میں بھی احتیاط برتیں۔
