آبنائے ہرمز پر کشیدگی برقرار، ٹرمپ کا مکمل کنٹرول کا دعویٰ، ایران نے شرائط پوری ہونے تک راستہ بند رکھنے کا اعلان
آبنائے ہرمز پر کشیدگی برقرار، ٹرمپ کا مکمل کنٹرول کا دعویٰ، ایران نے شرائط پوری ہونے تک راستہ بند رکھنے کا اعلان
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر صورتِ حال کو ’اچھی سمت میں جانے‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ٹرمپ کا بیان پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ رمضان میں ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے بعد خلیج فارس میں ایک بھی امریکی بحری جہاز موجود نہیں۔ تاہم پاسداران انقلاب نے امریکی بحری جہازوں کی مبینہ ناکہ بندی سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
دوسری جانب امریکی فوج نے ایران جانے والے پاناما کے پرچم والے ایک مال بردار بحری جہاز کو روکنے کے لیے دو ہیل فائر میزائل داغے۔ امریکی حکام کے مطابق جہاز نے متعدد انتباہی پیغامات کا جواب نہیں دیا تھا۔
ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا سے جنگ اور بحری ناکہ بندی مکمل طور پر ختم کرنے، منجمد ایرانی اثاثے بحال کرنے اور خطے میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ تمام شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
ادھر یمن کے حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے آبنائے باب المندب میں فوجی سازوسامان لے جانے والے ایک سعودی بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔
دریں اثنا قطر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت بحال کرنے کے لیے عمان اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
