روزانہ چند منٹ بھرپور ورزش کم کرنا بھی کینسر کا خطرہ بڑھا سکتا ہے: تحقیق
روزانہ چند منٹ بھرپور ورزش کم کرنا بھی کینسر کا خطرہ بڑھا سکتا ہے: تحقیق
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)لندن: ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ بھرپور جسمانی سرگرمی میں صرف چند منٹ کی کمی بھی کینسر کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہے، جبکہ جسمانی سرگرمی کو معمول کے مطابق برقرار رکھنا صحت کے لیے اہم ہے۔
برطانیہ کی یونیورسٹی کالج لندن کے محققین نے خبردار کیا ہے کہ لوگوں کو زندگی بھر جسمانی طور پر متحرک رہنا چاہیے اور عمر بڑھنے کے ساتھ ورزش میں کمی نہیں کرنی چاہیے۔
تحقیق طبی جریدے بی ایم سی میڈیسن میں شائع ہوئی، جس میں 59 ہزار 218 افراد کے طرزِ زندگی اور جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا کی اوسط عمر 61.7 سال تھی اور تقریباً 55 فیصد خواتین تھیں۔ یہ افراد یوکے بائیو بینک کے طبی تحقیقی ڈیٹا کا حصہ تھے۔
تقریباً 8 سالہ نگرانی کے دوران شرکا میں کینسر کے 2 ہزار 385 کیسز سامنے آئے۔ محققین نے شرکا کے سونے، بیٹھنے، کھڑے رہنے اور مختلف شدت کی جسمانی سرگرمیوں میں گزارے جانے والے وقت کا تجزیہ کیا۔
تحقیق کے مطابق جسمانی سرگرمی میں اضافہ کینسر کے کم خطرے سے منسلک پایا گیا۔ اگر کوئی شخص بیٹھنے یا سونے کے وقت میں سے 15 منٹ کم کرکے اتنا ہی وقت جسمانی سرگرمی میں صرف کرے تو کینسر کے خطرے میں تقریباً 2 فیصد کمی دیکھی گئی۔
اس کے برعکس، 30 منٹ کی جسمانی سرگرمی کو 30 منٹ بیٹھنے میں تبدیل کرنے سے کینسر کے خطرے میں تقریباً 8 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
تحقیق کے مرکزی مصنف ڈاکٹر جان مچل کے مطابق زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد میں کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ محققین نے یہ بھی جائزہ لیا کہ اگر پہلے سے فعال افراد اپنی جسمانی سرگرمی کم کردیں تو اس کے کیا اثرات ہوں گے، جس سے معلوم ہوا کہ سرگرمی میں کمی بھی کینسر کے خطرے میں اضافے سے منسلک ہوسکتی ہے۔
محققین کے مطابق روزانہ صرف 2 سے 3 منٹ کی بھرپور جسمانی سرگرمی کم کرکے اس وقت کو بیٹھنے، سونے یا ہلکی سرگرمی میں گزارنے سے بھی خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ بھرپور جسمانی سرگرمی میں ایسی ورزشیں شامل ہیں جن سے دل کی دھڑکن تیز اور پسینہ آتا ہے، جیسے تیزی سے سیڑھیاں چڑھنا، کھیلوں میں حصہ لینا یا بھاری سامان اٹھانا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ پہلے سے فعال افراد کے لیے اپنی جسمانی سرگرمی کی سطح برقرار رکھنا خاص طور پر اہم ہے۔ سابقہ تحقیقات میں بھی زیادہ جسمانی سرگرمی کو مثانے، چھاتی اور آنتوں سمیت کئی اقسام کے کینسر کے کم خطرے سے منسلک کیا گیا ہے۔
برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق بالغ افراد کو ہفتے میں کم از کم 150 منٹ معتدل جسمانی سرگرمی یا 75 منٹ بھرپور جسمانی سرگرمی کرنی چاہیے۔ تیز چلنا، روزمرہ سائیکل چلانا اور بیڈمنٹن معتدل سرگرمیوں میں شامل ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں پیدل چلنا، تیز رفتاری سے دوڑنا اور ٹینس کھیلنا بھرپور جسمانی سرگرمیوں کی مثالیں ہیں۔
