شیخ حسینہ کا وطن واپسی کا اعلان، بنگلادیش نے بھارت پر شدید سفارتی احتجاج ریکارڈ کرا دیا
شیخ حسینہ کا وطن واپسی کا اعلان، بنگلادیش نے بھارت پر شدید سفارتی احتجاج ریکارڈ کرا دیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)نئی دہلی/ڈھاکا: بنگلادیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے نئی دہلی میں جنوبی ایشیائی غیر ملکی صحافیوں کے کلب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر حال میں اپنے ملک واپس جائیں گی، چاہے انہیں گرفتاری یا قید کا سامنا ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2024ء کی طلبہ تحریک پہلے سے تیار کیا گیا منصوبہ تھی، جس کا مقصد ان کی حکومت کا خاتمہ تھا، جبکہ کوٹہ اصلاحات کی تحریک کو بعد ازاں ان کے استعفے کے مطالبے میں تبدیل کر دیا گیا۔
شیخ حسینہ نے الزام لگایا کہ احتجاج کے دوران ہزاروں پولیس اہلکار حملوں کا نشانہ بنے، سیکڑوں تھانوں کو نذرِ آتش کیا گیا اور ان کی حکومت ختم ہونے کے بعد ہزاروں افراد قتل یا لاپتا ہوئے، لاکھوں گرفتاریاں کی گئیں اور بڑی تعداد میں شہریوں کو مقدمات میں نامزد کیا گیا۔ انہوں نے عبوری حکومت پر ان واقعات کی تحقیقات روکنے اور ذمہ داروں کو تحفظ دینے کا بھی الزام عائد کیا۔
دوسری جانب بنگلادیش کی وزارتِ خارجہ نے شیخ حسینہ کی ورچوئل تقریر پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ایک مفرور اور سزا یافتہ شخصیت کو اپنی سرزمین سے میڈیا سے خطاب کی اجازت دے کر بنگلادیش کی خودمختاری اور عوام کی توہین کی ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق تقریب سے قبل بھارت کو ممکنہ سفارتی نتائج سے آگاہ بھی کیا گیا تھا۔
