اگست 3, 2026

گردن پر براہِ راست پرفیوم چھڑکنا محفوظ ہے؟ ماہرِ تحقیق نے احتیاط کا مشورہ دے دیا

0
گردن پر براہِ راست پرفیوم چھڑکنا محفوظ ہے؟ ماہرِ تحقیق نے احتیاط کا مشورہ دے دیا

گردن پر براہِ راست پرفیوم چھڑکنا محفوظ ہے؟ ماہرِ تحقیق نے احتیاط کا مشورہ دے دیا

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)کینسر پر تحقیق کرنے والی ایک محقق نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ معمول کے مطابق پرفیوم براہِ راست گردن پر چھڑکنے سے گریز کریں، کیونکہ بعض خوشبو دار کیمیکلز سے بار بار اور طویل عرصے تک رابطہ صحت کے لیے ممکنہ خطرات پیدا کر سکتا ہے۔

یونیورسٹی آف کیمبرج کے شعبۂ پیتھالوجی سے وابستہ پی ایچ ڈی محقق اینا کینیڈاس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بتایا کہ پرفیوم میں سیکڑوں بلکہ ہزاروں کیمیائی مرکبات شامل ہو سکتے ہیں، جن میں سے کئی اجزا کو الگ الگ ظاہر کرنے کے بجائے صرف "Fragrance” کے نام سے درج کیا جاتا ہے۔

انہوں نے Frontiers in Toxicology میں شائع ہونے والی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کاسمیٹکس اور پرفیوم میں استعمال ہونے والے بعض اجزا، جن میں فتھیلیٹس، فارمل ڈی ہائیڈ اور وولیٹائل آرگینک کمپاؤنڈز (VOCs) شامل ہیں، ایسے کیمیکلز ہیں جو جسم کے ہارمونز کے نظام میں مداخلت کر سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بات کے حتمی سائنسی شواہد موجود نہیں کہ گردن پر پرفیوم لگانے سے براہِ راست کینسر ہوتا ہے، تاہم تشویش ان کیمیکلز سے بار بار اور طویل مدتی رابطے کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے ہے، جو وقت کے ساتھ صحت کے لیے خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔

ماہرین احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، پرفیوم معتدل مقدار میں استعمال کرنے اور حساس جلد پر براہِ راست اسپرے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے