نئے انتظامی یونٹس پر بات کا یہ مناسب وقت نہیں، شیری رحمٰن
نئے انتظامی یونٹس پر بات کا یہ مناسب وقت نہیں، شیری رحمٰن
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کی بحث کو آگے نہ بڑھایا جائے تو بہتر ہوگا، کیونکہ موجودہ حالات میں اس معاملے پر توجہ دینے کا یہ مناسب وقت نہیں۔
اپنے بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ انہوں نے نئے انتظامی یونٹس سے متعلق کوئی مسودہ نہیں دیکھا۔ ان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مسائل کا حل سیاسی انداز میں نکالا جائے اور گورننس کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے قرضے اور حکومتی اخراجات دونوں بڑھ رہے ہیں، جبکہ انتظامی یونٹس کے معاملے پر تاحال ان کے سامنے کوئی ٹھوس تجویز نہیں آئی۔
شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور سیاسی صورتحال دونوں تشویشناک ہیں، اس لیے ان کے نزدیک اس وقت نئے انتظامی یونٹس پر بحث کرنا مناسب نہیں۔
بین الاقوامی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ کا دائرہ پھیل رہا ہے، جو کچھ دن رکنے کے بعد دوبارہ شروع ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف حلقے چاہتے ہیں کہ ثالثی کا عمل آگے بڑھے اور امن کی کوششیں جاری رہیں۔
شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ امن کے لیے کام کرنے والے افراد کی ایک مؤثر لابی تشکیل پا رہی ہے، جبکہ جنگ کی حامی قوتوں کے مقابلے میں امن کی کوششیں بھی متحرک ہیں۔
انہوں نے ایران اور امریکا کے تناظر میں کہا کہ امریکا کا خیال تھا کہ ایران جلد دباؤ میں آ جائے گا، تاہم ایسا نہیں ہوا۔
