وزیراعظم کی نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی ہدایت
وزیراعظم کی نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ملاقات کی، جس میں یوتھ پروگرام کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ ہنر مند افرادی قوت معیشت، صنعت اور معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو نوجوانوں کے روزگار کے لیے جامع حکمت عملی پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان ہی قوم کے روشن اور تابناک مستقبل کے ضامن ہیں۔
