اسرائیل، لبنان مذاکرات کا نیا دور 4 اگست سے روم میں ہوگا
اسرائیل، لبنان مذاکرات کا نیا دور 4 اگست سے روم میں ہوگا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)روم/واشنگٹن: امریکا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 4 سے 6 اگست تک اٹلی کے دارالحکومت روم میں منعقد ہوگا۔ مذاکرات امریکا کی ثالثی میں ہوں گے، جن میں دونوں ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مذاکرات کا مقصد اسرائیل اور لبنان کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی لانا، جنوبی لبنان کی صورتحال پر پیش رفت اور جنگ بندی سے متعلق امور پر بات چیت کرنا ہے۔ اس سے قبل اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی بھی مذاکرات کے نئے دور کی تاریخوں کا اعلان کر چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل جنوبی لبنان میں قائم دو پائلٹ زونز سے مرحلہ وار انخلا کی تیاری کر رہا ہے، جس پر بھی مذاکرات کے دوران تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
اسرائیل اور لبنان کے درمیان موجودہ فریم ورک معاہدے کا مقصد لبنان میں جنگ کا خاتمہ، حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا، جنوبی لبنان میں لبنانی فوج کی تعیناتی اور اسرائیلی افواج کے مرحلہ وار انخلا کو یقینی بنانا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں جنگ بندی کے فریم ورک پر عمل درآمد، سرحدی سلامتی اور مستقبل کے سفارتی اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ تجزیہ کاروں کے مطابق روم میں ہونے والا یہ مذاکراتی دور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔
