جولائی 27, 2026

آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے کے غیر حتمی نتائج، مختلف حلقوں میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو برتری

0
آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے کے غیر حتمی نتائج، مختلف حلقوں میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو برتری

آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے کے غیر حتمی نتائج، مختلف حلقوں میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو برتری

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

ابتدائی نتائج کے مطابق مختلف حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور دیگر امیدواروں کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔

حلقہ ایل اے 1 میرپور 1 میں مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق ابتدائی نتائج میں آگے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد دوسرے نمبر پر ہیں۔

حلقہ ایل اے 2 میرپور 2 میں پیپلز پارٹی کے قاسم مجید کو برتری حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری دوسرے نمبر پر ہیں۔

حلقہ ایل اے 3 میرپور 3 میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید پہلے نمبر پر جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان دوسرے نمبر پر ہیں۔

بھمبر کے حلقوں میں بھی مختلف جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔ حلقہ ایل اے 5 بھمبر 1 میں پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف کو برتری حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور دوسرے نمبر پر ہیں۔

کوٹلی کے حلقوں میں بھی ابتدائی نتائج کے مطابق بعض نشستوں پر مسلم لیگ (ن) جبکہ بعض پر پیپلز پارٹی کے امیدوار آگے ہیں۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے انتخابی سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے بعض پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی اور پولنگ متاثر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

راجہ پرویز اشرف نے بھی مختلف حلقوں میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے شکایات کا فوری جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

آئی جی پولیس آزاد کشمیر کے ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پُرامن رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پہلے مرحلے میں 13 حلقوں کے لیے مجموعی طور پر 14 لاکھ ایک ہزار 439 ووٹرز رجسٹرڈ تھے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 25 ہزار 118 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 75 ہزار 628 ہے۔

حکام کے مطابق میرپور ڈویژن میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے، جہاں ووٹنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے