ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باوجود ناروے کی ٹیم کا ہیروز جیسا استقبال، ایک لاکھ سے زائد مداح سڑکوں پر نکل آئے
ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باوجود ناروے کی ٹیم کا ہیروز جیسا استقبال، ایک لاکھ سے زائد مداح سڑکوں پر نکل آئے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اوسلو: فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں اضافی وقت میں 2-1 سے شکست کے باوجود ناروے کی قومی فٹبال ٹیم کا دارالحکومت اوسلو میں شاندار استقبال کیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک لاکھ سے زائد مداح سڑکوں پر نکل آئے اور اپنی ٹیم کو ہیروز کا درجہ دیتے ہوئے تاریخی جشن منایا۔ کھلاڑیوں نے پہلے شاہ ہیرالڈ سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ عوام سے ملنے کے لیے شاہی محل کی سیڑھیوں پر آئے، جہاں شائقین نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
قومی ٹیم کے کوچ اسٹالے سولباکن نے بتایا کہ کھلاڑی ایرلنگ ہالینڈ اور سینڈر برگے کو اپنی پرواز پکڑنے کے باعث تقریب ادھوری چھوڑنا پڑی۔
بعد ازاں قومی ٹیم نے اوپن ٹاپ بس میں شہر کا دورہ کیا، تاہم غیرمعمولی ہجوم کے باعث کئی مقامات پر بس کی رفتار سست ہوگئی، جبکہ ایک مقام پر اسے پیچھے بھی ہٹانا پڑا۔
سٹی ہال اسکوائر پہنچنے پر بھی ہزاروں مداح اپنی ٹیم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ اس موقع پر کپتان مارٹن اوڈیگارڈ نے شائقین کی محبت کو ناقابلِ یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا سے لے کر ناروے تک ملنے والی حمایت ان کی تمام توقعات سے بڑھ کر رہی۔
