جولائی 12, 2026

مون سون کا نیا سلسلہ ملک میں داخل، مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

0
مون سون کا نیا سلسلہ ملک میں داخل، مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

مون سون کا نیا سلسلہ ملک میں داخل، مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اسلام آباد: مون سون کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوتے ہی مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جبکہ محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کئی علاقوں میں مزید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے خبردار کر دیا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں جڑواں شہروں کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، نوشہرہ، باجوڑ، ہنگو، کوہاٹ، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش کا امکان ہے۔

پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، ملتان، جھنگ، بھکر، میانوالی، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ کراچی میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے