نوجوان کرکٹرز کامیابی کے لیے نظم و ضبط، محنت اور مستقل مزاجی اپنائیں، مصباح الحق
نوجوان کرکٹرز کامیابی کے لیے نظم و ضبط، محنت اور مستقل مزاجی اپنائیں، مصباح الحق
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)قومی سلیکٹر اور بیٹنگ کنسلٹنٹ مصباح الحق نے نوجوان کرکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ کامیابی کے لیے نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور سخت محنت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
پروگرام "سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، تاہم درست رہنمائی، مثبت سوچ اور مسلسل محنت ہی کھلاڑی کو اعلیٰ مقام تک پہنچاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف قدرتی صلاحیت کامیابی کی ضمانت نہیں، بلکہ ڈسپلن، فٹنس، باقاعدہ پریکٹس، متوازن غذا اور خود کو بہتر بنانے کا جذبہ ہی کامیاب کرکٹر کی پہچان ہے۔
انہوں نے نوجوان کرکٹرز کی تربیت میں چار روزہ کرکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طویل فارمیٹ تکنیکی مہارت، ذہنی مضبوطی، دفاعی کھیل، ارتکاز اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو نکھارتا ہے۔ ان کے مطابق اسپن بولنگ کے خلاف بہتر کارکردگی کے لیے نوجوانوں کو معیاری اسپنرز کے خلاف زیادہ سے زیادہ کھیلنے کے مواقع ملنے چاہییں۔
مصباح الحق نے کوچز، مینٹرز اور والدین کو بھی مشورہ دیا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کی صلاحیت اور نفسیات کو مدنظر رکھتے ہوئے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ان کا اعتماد اور کھیلنے کا جذبہ برقرار رہے۔
