خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی، الرٹ جاری
خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی، الرٹ جاری
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پشاور: محکمہ موسمیات نے ہفتہ اور اتوار (11 اور 12 جولائی) کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں موسلادھار بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبائی قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق چترال، سوات، دیر، شانگلہ، مانسہرہ اور کوہستان میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
رپورٹ میں مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے بعض علاقوں میں اچانک سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور ایبٹ آباد میں شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے، جس کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ادارے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران کمزور عمارتوں، بجلی کی کھلی تاروں اور برساتی نالوں سے دور رہیں۔
