امریکا میں آنتوں کے انفیکشن سائیکلوس پوریاسس کے کیسز میں تشویشناک اضافہ
امریکا میں آنتوں کے انفیکشن سائیکلوس پوریاسس کے کیسز میں تشویشناک اضافہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)واشنگٹن: امریکا بھر میں آنتوں کے انفیکشن سائیکلوس پوریاسس (Cyclosporiasis) کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ متعدد ریاستوں میں وبائی صورتحال تشویش کا باعث بن گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست مشی گن میں ایک ہزار سے زائد جبکہ اوہائیو میں 500 سے زیادہ افراد میں اس انفیکشن کی تشخیص ہو چکی ہے۔ رپورٹس کے مطابق مشی گن کی تاریخ میں یہ سائیکلوس پوریاسس کا اب تک کا سب سے بڑا وبائی پھیلاؤ قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس انفیکشن کی وجہ سے متاثرہ افراد کو کئی ہفتوں تک شدید ڈائیریا، پیٹ درد اور دیگر معدے کی شکایات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تاحال اس بیماری سے کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم صحت کے حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ریاست مشی گن کے حکام نے گزشتہ ہفتے اس وبا کے پھیلاؤ کا باضابطہ اعلان کیا تھا، جبکہ امریکی میڈیا کے مطابق ملک کی مزید 28 ریاستوں سے بھی اسی نوعیت کے کیسز رپورٹ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
