پاکستان کی بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے اور رابطہ نظام بہتر بنانے پر غور
پاکستان کی بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے اور رابطہ نظام بہتر بنانے پر غور
اسلام آباد(اسدعمرسے)اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت بندرگاہوں کے رابطہ نظام کو بہتر بنانے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستانی بندرگاہوں کی موجودہ استعداد اور ترقی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری بحری امور نے ملک کی بندرگاہوں کی موجودہ صورتحال، استعداد اور مستقبل کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع ایک اہم اثاثہ ہے، جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ نظام کو مؤثر بنا کر پاکستان زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کر سکتا ہے۔
اجلاس میں بندرگاہوں کی ترقی، کارکردگی اور مسابقت بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بندرگاہوں کے رابطہ نظام کو بہتر بنانے، انتظامی امور کو مؤثر بنانے اور مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی مضبوط کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
شرکا نے تجارت اور مال برداری کے شعبے میں سہولتوں کو فروغ دینے، اصلاحات متعارف کرانے اور پاکستانی بندرگاہوں کو علاقائی تجارتی مرکز کے طور پر مستحکم بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف، وفاقی وزیر بحری امور، معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری بحری امور، قومی رسد ادارے کے سربراہ، کراچی بندرگاہ ٹرسٹ کے چیئرمین اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
