ایران نے ٹرمپ کا مذاکرات سے متعلق دعویٰ مسترد کر دیا
ایران نے ٹرمپ کا مذاکرات سے متعلق دعویٰ مسترد کر دیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)تہران: ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ تہران نے واشنگٹن سے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایران نے امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کی کوئی درخواست نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کی ثالثی کی کوششوں کے تحت قطری حکام کے دورۂ ایران کو قبول کیا گیا تھا، تاہم اسے امریکا سے مذاکرات کی درخواست قرار دینا درست نہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر امریکا گزشتہ ماہ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ایران بھی اسی نوعیت کا متناسب جواب دے گا۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ترجمان نے کہا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی وعدہ خلافی کا جواب باہمی اور متناسب کارروائی کی صورت میں دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی ہے، جس پر واشنگٹن نے آمادگی ظاہر کی، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی اب ختم ہو چکی ہے۔
ایران کے تازہ بیان کے بعد دونوں ممالک کے سفارتی مؤقف میں واضح تضاد سامنے آ گیا ہے، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود ثالثی کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔
