جولائی 10, 2026

شاہد آفریدی کا شاپور زدران کے انتقال پر اظہارِ افسوس، بھرپور خراجِ عقیدت پیش

0
شاہد آفریدی کا شاپور زدران کے انتقال پر اظہارِ افسوس، بھرپور خراجِ عقیدت پیش

شاہد آفریدی کا شاپور زدران کے انتقال پر اظہارِ افسوس، بھرپور خراجِ عقیدت پیش

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ "موت ہر ایک کو آنی ہے، مگر پشتونوں کی عزت، وقار اور بہادری کبھی نہیں مرتی۔ شاپور زدران صرف ایک کرکٹر نہیں بلکہ ایک بہادر انسان تھے، جن کی خدمات اور یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔”

رپورٹس کے مطابق شاہد آفریدی نے شاپور زدران کی علالت کے دوران بھی ان کے بھائی سے رابطہ کیا تھا، ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی تھی۔

شاپور زدران افغانستان کرکٹ کے ان نمایاں کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور عالمی سطح پر افغانستان کی شناخت مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے ایک دہائی سے زائد عرصے تک قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور متعدد تاریخی فتوحات میں اپنی باؤلنگ سے نمایاں کردار ادا کیا۔

وہ 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان کی پہلی تاریخی ورلڈ کپ فتح کے ہیروز میں شامل تھے، جہاں انہوں نے 10 وکٹیں حاصل کیں اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف یادگار کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

افغان کرکٹ بورڈ نے بھی شاپور زدران کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ افغانستان کرکٹ کی بنیاد رکھنے والے اہم کھلاڑیوں میں شامل تھے، جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق شاپور زدران طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور بھارت کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلتے ہوئے کئی یادگار کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے