جولائی 10, 2026

ایران، امریکا کشیدگی: پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششیں تیز، مذاکرات کی بحالی پر زور

0
ایران، امریکا کشیدگی: پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششیں تیز، مذاکرات کی بحالی پر زور

ایران، امریکا کشیدگی: پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششیں تیز، مذاکرات کی بحالی پر زور

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اور قطر نے امن عمل کو برقرار رکھنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں۔ اس دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق عباس عراقچی نے امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض امریکی حکام کے بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ واشنگٹن معاہدے کی پاسداری سے پیچھے ہٹ چکا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کسی بھی ممکنہ امریکی کارروائی کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تہران اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور قطر تہران اور واشنگٹن دونوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور دونوں ممالک پر زور دے رہے ہیں کہ وہ کشیدگی کم کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ دونوں فریق ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر رہے ہیں، تاہم کسی نے بھی باضابطہ طور پر مفاہمتی یادداشت سے دستبرداری کا اعلان نہیں کیا۔

ترک خبر ایجنسی انادولو کے مطابق پاکستان اور قطر نے امریکا اور ایران سے جنگی صورتحال سے گریز اور مذاکرات کی بحالی کی اپیل کی ہے۔ پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات پیچیدہ ضرور ہیں، تاہم مکمل جنگ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔

ذرائع کے مطابق حالیہ کشیدگی سے قبل امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں کی اسلام آباد میں تکنیکی مذاکرات کے لیے ملاقات متوقع تھی، تاہم بدلتی صورتحال کے باعث ثالثوں کی اولین ترجیح کشیدگی میں کمی اور امن عمل کو برقرار رکھنا ہے۔ پاکستان کو اب بھی امید ہے کہ مناسب حالات میں مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں منعقد ہو سکے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے