سابق افغان فاسٹ بولر شاپور زدران کا جسدِ خاکی کابل پہنچ گیا
سابق افغان فاسٹ بولر شاپور زدران کا جسدِ خاکی کابل پہنچ گیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)کابل: افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران کا جسدِ خاکی بھارت سے کابل پہنچا، جہاں کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اہلِ خانہ، دوستوں، حکومتی عہدیداروں اور افغان کرکٹ ٹیم کے موجودہ و سابق کھلاڑیوں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق شاپور زدران انتقال سے قبل بھارت میں زیرِ علاج تھے، جبکہ بدھ کے روز ان کا جسدِ خاکی کابل منتقل کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر موجود افراد میں راشد خان، ابراہیم زدران اور دیگر قومی کرکٹرز بھی شامل تھے۔
جسدِ خاکی کی آمد کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، جہاں ساتھی کرکٹرز نے احترام کے ساتھ تابوت کو گاڑی تک پہنچایا اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔
واضح رہے کہ شاپور زدران طویل علالت کے بعد نئی دہلی کے ایک اسپتال میں 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ کچھ عرصے سے زیرِ علاج تھے۔
شاپور زدران نے افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف افغانستان کی تاریخی پہلی ورلڈ کپ فتح میں فاتحانہ رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا تھا۔
ان کے انتقال پر کرکٹ برادری، سابق و موجودہ کھلاڑیوں، کرکٹ حکام اور شائقین کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
