شاناکا کی ہیٹ ٹرک، سیئٹل نے ٹیکساس کو سنسنی خیز مقابلے میں 9 رنز سے ہرا دیا
شاناکا کی ہیٹ ٹرک، سیئٹل نے ٹیکساس کو سنسنی خیز مقابلے میں 9 رنز سے ہرا دیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکا میں جاری کرکٹ لیگ میں سیئٹل نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹیکساس کو 9 رنز سے شکست دے دی۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا، جہاں سری لنکا کے آل راؤنڈر داسن شاناکا نے مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے یقینی نظر آنے والی فتح ٹیکساس سے چھین لی۔
سیئٹل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔ ٹیم کی بیٹنگ ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی، تاہم کیمرون گینن نے 20 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ بعد ازاں ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے ہرمیت سنگھ دوبارہ میدان میں آئے اور جسدیپ سنگھ کے ساتھ مل کر آخری اوورز میں اہم رنز بنا کر مجموعہ 121 تک پہنچا دیا۔
ہدف کے تعاقب میں ٹیکساس کی ٹیم بھی ابتدا میں مشکلات سے دوچار رہی۔ اوٹنیل بارٹمین نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین اہم وکٹیں حاصل کیں اور صرف 9 رنز دیے۔ شبھم رنجانے نے ناقابلِ شکست 40 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا جبکہ ڈونوون فریرا نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی۔
آخری اوور میں ٹیکساس کو کامیابی کے لیے 15 رنز درکار تھے، لیکن داسن شاناکا نے پہلے ڈونوون فریرا کو آؤٹ کیا، پھر کیلون سیویج کی وکٹ حاصل کی، اس کے بعد ہیٹ ٹرک مکمل کی اور اگلی ہی گیند پر ایک اور کھلاڑی کو آؤٹ کرکے سیئٹل کو یادگار فتح دلا دی۔
