ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے گرمی سے پریشان شہریوں کے لیے خوشخبری سنائی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم دوپہر کے بعد مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
کراچی میں آج موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں خضدار اور گردونواح میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نوکنڈی میں ملک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دالبندین، جیکب آباد اور دادو میں 44، سکھر میں 43، جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور چلاس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور گلگت میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
