جولائی 3, 2026

ٹرمپ کی سالانہ آمدن 2.2 ارب ڈالر سے تجاوز، ڈیجیٹل کرنسی سب سے بڑا ذریعہ بن گئی

0
ٹرمپ کی سالانہ آمدن 2.2 ارب ڈالر سے تجاوز، ڈیجیٹل کرنسی سب سے بڑا ذریعہ بن گئی

ٹرمپ کی سالانہ آمدن 2.2 ارب ڈالر سے تجاوز، ڈیجیٹل کرنسی سب سے بڑا ذریعہ بن گئی

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سال 2025 کی مالیاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے اپنی دوسری صدارتی مدت کے پہلے سال کے دوران کم از کم 2.2 ارب ڈالر آمدن حاصل کی، جس میں سب سے بڑا حصہ ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق کاروبار کا رہا۔

927 صفحات پر مشتمل مالیاتی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ڈیجیٹل کرنسی کی صنعت سے ایک ارب ڈالر سے زائد کمائے، جبکہ ان کی مجموعی آمدن گزشتہ برس کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ رہی۔ 2024 میں ان کی آمدن تقریباً 60 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق انہیں "سیلیبریشن کوائنز” سے تقریباً 63 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رائلٹی حاصل ہوئی، جبکہ "ورلڈ لبرٹی فنانشل” نامی ڈیجیٹل کرنسی کمپنی سے بھی 50 کروڑ ڈالر سے زائد آمدن ہوئی۔ اس کمپنی کے قیام میں ٹرمپ کے بیٹوں اور ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے بچوں کا بھی کردار بتایا گیا ہے۔

مالیاتی دستاویزات کے مطابق پہلی بار ڈیجیٹل کرنسی سے حاصل ہونے والی آمدن نے ٹرمپ کے روایتی جائیداد کے کاروبار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جو کئی دہائیوں سے ان کی دولت کا بنیادی ذریعہ سمجھا جاتا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیو جرسی، فلوریڈا اور اسکاٹ لینڈ میں واقع ان کے مختلف گالف کلبوں سے بھی 3 کروڑ ڈالر سے زائد آمدن حاصل ہوئی، جبکہ ان کے نام سے منسوب گھڑیوں، جوتوں، خوشبوؤں، گٹار اور دیگر مصنوعات کی فروخت اور اجازت ناموں کے ذریعے تقریباً 47 لاکھ ڈالر رائلٹی بھی حاصل ہوئی۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے عہدے سے مالی فائدہ اٹھایا۔ حکومتی مؤقف کے مطابق تمام کاروباری سرگرمیاں متعلقہ قوانین کے مطابق انجام دی جا رہی ہیں اور مالیاتی رپورٹ میں تمام معلومات شفاف انداز میں ظاہر کی گئی ہیں۔

سیاسی اور مالیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ ڈیجیٹل کرنسی کی صنعت اب ٹرمپ کی آمدن کا سب سے بڑا ذریعہ بن چکی ہے، جبکہ جائیداد کے کاروبار اور برانڈ لائسنسنگ سے حاصل ہونے والی آمدن بھی بدستور مستحکم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے