نئی تحقیق: کووڈ بوسٹر ویکسین مستقبل کے کورونا وائرسز سے بھی تحفظ دے سکتی ہے
نئی تحقیق: کووڈ بوسٹر ویکسین مستقبل کے کورونا وائرسز سے بھی تحفظ دے سکتی ہے
کیمبرج: ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کووڈ-19 کی بوسٹر ویکسین نہ صرف موجودہ کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرتی ہے بلکہ مستقبل میں جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والے ممکنہ نئے کورونا وائرسز کے خلاف بھی مدافعت پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
یونیورسٹی آف کیمبرج کے محققین کے مطابق کووڈ ویکسین سے بننے والی اینٹی باڈیز صرف موجودہ کورونا وائرس کی مختلف اقسام ہی نہیں بلکہ بعض ایسے جانوروں میں پائے جانے والے کورونا وائرسز کو بھی پہچاننے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جو مستقبل میں انسانوں میں وبا کا سبب بن سکتے ہیں۔
تحقیق کی شریک مصنفہ گریس ویسٹ کا کہنا ہے کہ توقع تھی کہ کووڈ ویکسین موجودہ وائرس کی مختلف اقسام کے خلاف مؤثر ثابت ہوگی، تاہم یہ جان کر حیرت ہوئی کہ یہ بعض ایسے حیوانی کورونا وائرسز کے خلاف بھی مدافعت فراہم کر سکتی ہے جن میں مستقبل کی وبا بننے کی صلاحیت موجود ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کووڈ ویکسین کی 13 ارب سے زائد خوراکیں لگائی جا چکی ہیں، جنہوں نے اسپتال میں داخلوں اور اموات کی شرح میں نمایاں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق تحقیق کے نتائج مستقبل میں ایسی ویکسینز کی تیاری میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں جو نئے اور ابھرنے والے کورونا وائرسز کے خلاف بھی مؤثر تحفظ فراہم کریں۔
