آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے بعد امریکا کی ایران پر فضائی کارروائی
آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے بعد امریکا کی ایران پر فضائی کارروائی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر حملے کے بعد امریکا نے ایران کے خلاف فضائی کارروائی کی ہے۔ امریکی مرکزی فوجی کمان کے مطابق کارروائی میں ایران کے میزائل، بغیر پائلٹ طیاروں کے ذخائر اور ساحلی نگرانی کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے اور خطے کی صورتِ حال پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی ساحلی شہر سیریک میں ایک گولہ گرنے کی اطلاع ملی ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک تجارتی جہاز پر چار بغیر پائلٹ طیاروں سے حملہ کیا، جن میں سے تین کو مار گرایا گیا جبکہ ایک جہاز سے ٹکرا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر مزید سخت کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
