خام تیل سستا، مگر عوام کو ریلیف نہیں ملا، صدر ٹرمپ برہم
خام تیل سستا، مگر عوام کو ریلیف نہیں ملا، صدر ٹرمپ برہم
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کو اس کا فائدہ نہ پہنچنے پر تیل کمپنیوں اور پیٹرول پمپ مالکان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ خام تیل کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں لیکن پیٹرول پمپوں پر صارفین سے اب بھی زیادہ نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، جو عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔
اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری بیان میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ بڑی تیل کمپنیاں سستا خام تیل خرید رہی ہیں، تاہم پیٹرول کی قیمتوں میں اسی تناسب سے کمی نہیں کر رہیں، جس کے باعث صارفین کو ریلیف نہیں مل پا رہا۔
صدر ٹرمپ نے پیٹرول کی بلند قیمتوں کو عوامی استحصال قرار دیتے ہوئے امریکی محکمہ انصاف کو معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یہ جائزہ لیا جائے آیا تیل کمپنیاں جان بوجھ کر اضافی منافع حاصل کر رہی ہیں یا نہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی قسم کی بے ضابطگی یا ناجائز منافع خوری ثابت ہوئی تو ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اگرچہ صدر ٹرمپ نے کسی مخصوص کمپنی کا نام نہیں لیا، تاہم انہوں نے زور دیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچنا چاہیے اور صارفین کو کم نرخوں پر پیٹرول فراہم کیا جانا چاہیے۔
