ایران نیوکلیئر معاملے پر افزودگی کی سطح کم کرے گا، تین ٹیکنیکل گروپس قائم: اسحاق ڈار
ایران نیوکلیئر معاملے پر افزودگی کی سطح کم کرے گا، تین ٹیکنیکل گروپس قائم: اسحاق ڈار
اسلام آباد(سعد عمر سے)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران یورینیئم کو ملک سے باہر منتقل کرنے کے بجائے اپنے اندر ہی اس کی افزودگی کی سطح کم کرے گا۔ ان کے مطابق نیوکلیئر فائل، منجمد اثاثوں اور لبنان کے معاملے پر تین ٹیکنیکل ورکنگ گروپس کام کر رہے ہیں۔
عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ ابتدا میں امریکا کا مطالبہ تھا کہ ایران کے افزودہ یورینیئم کے ذخائر کو ملک سے باہر منتقل کیا جائے، تاہم اب اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ ایران زیر زمین ہی افزودگی کی سطح کم کرے گا۔ ان کے مطابق یہ معاملہ متعلقہ ورکنگ گروپ کی میٹنگ میں طے کیا جا سکتا ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہاز 60 روز تک بغیر کسی اضافی ٹیرف کے گزر سکیں گے، انہیں صرف معمول کی نیویگیشن یا سروس فیس ادا کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق چین بھی اس اقدام کی حمایت کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے مذاکرات کی نگرانی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ذاتی طور پر کی ہے، جبکہ سعودی عرب، قطر، مصر اور متحدہ عرب امارات نے ثالثی عمل کی حمایت کی ہے۔ ان کے مطابق ایران نے بھی اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے پیشگوئی کی کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ سخت ہو سکتا ہے، تاہم حتمی معاہدہ ممکن ہے اور مجوزہ ڈیل میں کوئی منفی پہلو نہیں۔
