امریکا ایران معاہدہ مؤثر، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی
امریکا ایران معاہدہ مؤثر، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھی گئی ہے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی اور تیل کی فراہمی معمول پر آنے کی توقعات کے باعث خام تیل کی عالمی قیمتیں نیچے آ گئی ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق عالمی معیار کے خام تیل کی قیمت 78 ڈالر 80 سینٹ فی بیرل جبکہ امریکی معیار کے خام تیل کی قیمت 74 ڈالر 30 سینٹ فی بیرل تک آ گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کے نتیجے میں آبنائے ہرمز میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات کم ہوئے ہیں، جس سے عالمی توانائی منڈی میں استحکام کے آثار نمایاں ہوئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد جاری رہا تو تیل کی فراہمی میں مزید بہتری آ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔ تاہم خطے میں دوبارہ کشیدگی پیدا ہونے کی صورت میں عالمی منڈی ایک بار پھر دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا مثبت اثر پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے ممالک پر پڑے گا، جس سے درآمدی اخراجات اور مہنگائی میں کمی آنے کی توقع ہے۔
