ویٹ ٹریننگ عمر بڑھا سکتی ہے، قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہونے کا انکشاف
ویٹ ٹریننگ عمر بڑھا سکتی ہے، قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہونے کا انکشاف
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ویٹ ٹریننگ اور دیگر مزاحمتی ورزشیں نہ صرف جسمانی طاقت میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ عمر میں اضافے اور قبل از وقت موت کے خطرات کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
یہ تحقیق British Journal of Sports Medicine میں شائع ہوئی، جس میں امریکا کے 1 لاکھ 47 ہزار سے زائد بالغ افراد کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا۔ تحقیق کے لیے معلومات تین بڑے طبی مطالعات سے حاصل کی گئیں جو تقریباً 30 سال تک جاری رہیں۔
مطالعے کے دوران 35 ہزار سے زائد شرکا کا انتقال ہوا، جس سے محققین کو مختلف طرزِ زندگی، ورزش کی عادات اور صحت کے نتائج کا تفصیلی موازنہ کرنے کا موقع ملا۔
شرکا سے ہفتہ وار مزاحمتی ورزشوں کے دورانیے کے بارے میں معلومات لی گئیں، جن میں ویٹ لفٹنگ، جم مشینوں کے ذریعے ورزش اور پٹھوں کو مضبوط بنانے والی دیگر سرگرمیاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ پیدل چلنے، سائیکل چلانے اور تیراکی جیسی ایروبک سرگرمیوں کا ریکارڈ بھی مرتب کیا گیا۔
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد معتدل مقدار میں مزاحمتی ورزشیں کرتے تھے، ان میں مختلف وجوہات سے موت کا خطرہ نمایاں طور پر کم تھا۔ یہ فائدہ عمر، تمباکو نوشی، خوراک، الکحل کے استعمال، خاندانی طبی تاریخ اور دیگر جسمانی سرگرمیوں جیسے عوامل کو مدنظر رکھنے کے باوجود برقرار رہا۔
ماہرین کے مطابق یہ نتائج اس بات کو مزید تقویت دیتے ہیں کہ پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزشیں صرف جسمانی فٹنس کے لیے ہی نہیں بلکہ دل کی صحت، مجموعی جسمانی کارکردگی اور طویل عمر کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں۔ باقاعدہ ویٹ ٹریننگ اور مزاحمتی ورزشوں کو صحت مند طرزِ زندگی کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔
