پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے ریکارڈ وصولیاں، دو برس میں 2725 ارب روپے اکٹھے
پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے ریکارڈ وصولیاں، دو برس میں 2725 ارب روپے اکٹھے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے ریکارڈ رقم وصول کی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق اپریل 2024 سے مارچ 2026 تک پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 2 ہزار 725 ارب روپے وصول کیے گئے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ وصول کی جانے والی یہ رقم آئی ایم ایف کے دونوں قرض پروگراموں کی مجموعی مالیت 2 ہزار 340 ارب روپے سے بھی زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ، یعنی جولائی 2025 سے مارچ 2026 تک، ایک ہزار 205 ارب روپے سے زائد پیٹرولیم لیوی وصول کی گئی۔ جبکہ مالی سال 25-2024 کے دوران ایک ہزار 220 ارب 21 کروڑ روپے کی لیوی اکٹھی کی گئی۔
اسی طرح اپریل سے جون 2024 کی سہ ماہی میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی 299 ارب 63 کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم لیوی حکومتی آمدن کا اہم ذریعہ بن چکی ہے، تاہم بڑھتی ہوئی وصولیوں کے باعث عوام پر اضافی مالی بوجھ سے متعلق خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔
