: شاداب خان میرٹ پر ٹیم میں واپس آئے، مڈل آرڈر کے مسائل حل ہو رہے ہیں، معاذ صداقت
: شاداب خان میرٹ پر ٹیم میں واپس آئے، مڈل آرڈر کے مسائل حل ہو رہے ہیں، معاذ صداقت
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے کہا ہے کہ شاداب خان اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں واپس آئے ہیں، جبکہ مڈل آرڈر کے مسائل بھی کافی حد تک حل ہوگئے ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاذ صداقت نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ٹیم میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ یہ ان کی پہلی نصف سنچری تھی اور وہ آئندہ میچز میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
معاذ صداقت کا کہنا تھا کہ وہ جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق کھیلنے اور پاور پلے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے وہ خود کو زیادہ پُراعتماد محسوس کرتے ہیں۔
شاداب خان کی واپسی پر ان کا کہنا تھا کہ شاداب نے کیریبین پریمیئر لیگ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، اسی بنیاد پر انہیں میرٹ پر ٹیم میں شامل کیا گیا۔
مڈل آرڈر کی بیٹنگ پر بات کرتے ہوئے معاذ صداقت نے کہا کہ حسن نواز اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں، جبکہ عبدالصمد بھی اچھی فارم میں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مڈل آرڈر میں بہتری سے ٹیم کی مجموعی بیٹنگ مزید مضبوط ہوگی۔
