ملائیشیا کے لیجنڈری فٹبالر داتوک عبدہ الف نے 72 سال کی عمر میں 20 سالہ خاتون سے شادی کرلی
ملائیشیا کے لیجنڈری فٹبالر داتوک عبدہ الف نے 72 سال کی عمر میں 20 سالہ خاتون سے شادی کرلی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ملائیشیا کے سابق لیجنڈری فٹبالر داتوک عبدہ الف نے 72 سال کی عمر میں 20 سالہ خاتون سے شادی کرلی، دونوں کی عمر میں 52 سال کا فرق ہے۔
شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سابق فٹبالر کی ازدواجی حیثیت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں، تاہم بعد ازاں ان کے چھوٹے بھائی اور سابق فٹبالر داتوک یونس الف نے شادی کی تصدیق کردی۔
داتوک یونس الف کے مطابق شادی کی تقریب 27 اگست 2026ء کو منعقد ہوئی، جبکہ دونوں خاندان اس رشتے پر رضامند تھے اور شادی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔
انہوں نے بتایا کہ ممکنہ طور پر ان کے بھائی اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہنی مون پر ہیں، اسی وجہ سے وہ فون کالز کا جواب نہیں دے رہے۔
داتوک عبدہ الف کے ایک قریبی دوست نے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی شادی کی تصاویر کو مستند قرار دیا ہے، تاہم انہوں نے شادی کی تقریب کے مقام اور دیگر تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
داتوک عبدہ الف ملائیشیا کی فٹبال ٹیم کے سنہری دور کے نمایاں کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے 1970ء کی دہائی کے اواخر اور 1980ء کی دہائی کے اوائل میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور 1980ء کے ماسکو اولمپکس کے لیے ملائیشیا کی کوالیفکیشن میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم ملائیشیا نے بعد میں ماسکو اولمپکس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایونٹ میں شرکت نہیں کی۔
