پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی دعوے مسترد کر دیے
پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی دعوے مسترد کر دیے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کے یک طرفہ دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے۔
ترجمان دفترِ خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین حل طلب تنازعات میں شامل ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی آزادانہ رائے شماری کے ذریعے ہونا چاہیے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سرکاری نقشوں میں جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ دکھایا گیا ہے، جبکہ بھارتی سرکاری نقشوں اور یک طرفہ خودمختاری کے دعووں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
سجاد حیدر خان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو یقینی بنانے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
